ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہادائی احتجاج کے مرحلے میں بے قصوروں پر درج مقدمے واپس

مہادائی احتجاج کے مرحلے میں بے قصوروں پر درج مقدمے واپس

Thu, 11 Aug 2016 11:51:28    S.O. News Service

 

بنگلورو10؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)مہادائی احتجاج کے دوران تشدد کو ہوا دینے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے ملزمین کوچھوڑ کر باقی افراد پر پولیس نے مقدمے درج کئے تھے ، ان تمام بے قصوروں کے مقدمے واپس لے لئے گئے۔اس ضمن میں آج وزیراعلیٰ سدرامیا کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ لیا گیا۔ مہادائی تنازعہ پر ٹریبونل کے عبوری فیصلے کے خلاف ریاست گیر پیمانے پر شروع ہونے والے احتجاجات کے دوران تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے سلسلے میں 187 افراد کو گرفتار کرلیاگیاتھا۔نولگنڈ تعلقہ کے یمنور میں پولیس نے زیادتیاں جس انداز سے کیں اور خواتین ،بچوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنایااس پر ریاست بھر میں عوام میں شدید برہمی کا اظہار کیاگیا۔ ان احتجاجات کے دوران جن لوگوں نے مرکزی حکومت کے دفاتر کو آگ لگائی ،عوامی املاک کونقصان پہنچایا اور پولیس والوں کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈال دیا ۔ ان تمام پر مقدمات برقرار رہیں گے۔ کابینہ نے جن بے قصوروں پر مقدمات پولیس کی طرف سے درج کئے تھے، ان تمام کوواپس لینے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس احتجاج کے دوران جو بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں ان پر نظر ثانی کیلئے حکومت نے سینئر آئی پی ایس آفیسر راگھویندرا اورادکر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ، جس نے تمام مقدمات کا جائزہ لینے کے بعد حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردی۔ان سفارشات کی بنیاد پر کابینہ نے آج کافی تبادلۂ خیال کے بعد تمام بے قصوروں پر درج مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا۔ باقی مقدمات کی سماعت حسب معمول جاری رہے گی۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ بے قصوروں کے ساتھ کسی بھی حال میں ناانصافی نہ ہونے پائے یہ یقینی بنانے کیلئے آج کابینہ نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ جن افراد پرمقدمہ درج کرکے پولیس نے جیل بھیج دیا ، ان کی اکثریت چترادرگہ اور بلاری جیلوں میں مقید ہے۔ کابینہ کے اس فیصلے سے ان تمام کو رہائی نصیب ہوگی۔


Share: